دارجلنگ:11 /اپریل(ایس اونیوز /آئی این ایس انڈیا) مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے جمعرات کواین ڈی اے حکومت کو پلوامہ حملے کے لیے ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے دعوی کیا کہ بی جے پی کی قیادت والی حکومت نے خفیہ ان پٹ ملنے کے باوجود حملے کو روکنے کے لیے کچھ نہیں کیا۔ یہاں چوک مارکیٹ علاقہ میں ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) کے سربراہ نے یہ دعوی بھی کیا کہ بی جے پی کی حکومت میں ہندوستان کی آزادی اور آئین خطرے میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپ کے پاس پلوامہ دھماکہ کی اطلاع تھی، لیکن آپ (مودی) حملے کو روکنے میں ناکام رہے۔ آپ (مودی) اس پورے معاملے کے لئے ذمہ دار ہیں۔ بی جے پی حکومت کے پچھلے پانچ سالوں کی حکومت کے دوران دہشت گردی میں 260 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی آزادی اور اس کا آئین خطرے میں ہے۔ بی جے پی حکومت میں لوگ گاندھی جی، نیتا جی اور وویکانند کے اصولوں کو بھول گئے ہیں۔جموں کشمیر کے پلوامہ میں 14 فروری کو ہوئے دہشت گردانہ حملے میں سی آر پی ایف کے 40 جوان ہلاک ہو گئے تھے۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ بھگوا پارٹی دارجلنگ میں سیاسی اتھل پتھل سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کر رہی ہے۔ ترنمول صدر نے کہا کہ انہوں نے (بی جے پی نے) انتخابات کے دوران دارجلنگ میں فرقہ واریت کی آگ بھڑکائی۔ دہلی میں بیٹھے لوگ (بی جے پی) یہاں مسائل کو بڑھاتے ہیں، یہاں جتنے مسائل ہوں گے، پارٹی کے لئے صورت حال کا فائدہ اٹھانے کے موقع اتنے ہی بہتر ہوں گے. بی جے پی دارجلنگ، کلیم پونگ، کرسی یونگ اور مریکی میں کوئی پیش رفت نہیں چاہتی۔ ترنمول کانگریس کی صدر نے بھگوا پارٹی کے موجودہ ایم پی ایس ایس اہلووالیہ پر علاقہ کی ترقی کے لیے کوئی کام نہ کرنے کا الزام لگایا۔ انہوں نے دعوی کیا کہ الیکشن جیتنے کے بعد آہلووالیہ نے کبھی علاقہ کا دورہ نہیں کیا۔